سیٹلائیٹ فون تیار کرنے والی کمپنی اریڈیئم اور فون کی چپ بنانے والی کمپنی کوال کوم کے درمیان ایک نئی شراکت داری موبائل فون صارفین کے لیے رابطوں کی نئی دنیا مہیا کر سکتے ہیں جس میں اینڈرائڈ سمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین سیٹلائیٹ کا استعمال کر سکیں گے۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان اس معاہدے کے نیتجے میں ایسے مقامات جہاں پر موبائل فون کے سگنلز نہیں ہوتے، صارف اپنے فون کو سیٹلائیٹ سے جوڑ کر پیغامات بھجوا سکیں گے اور موصول بھی کر سکیں گے۔
تاہم یہ فائدہ صرف ایسے صارفین کو ہی ہو سکے گا جن کے فون اینڈرائڈ سسٹم کے تحت چلتے ہیں اور جن میں کوال کوم کمپنی کی چپ لگی ہوئی ہے۔
یہ سہولت ابتدائی طور پر صرف کسی ہنگامی صورت حال یعنی ایمرجنسی میں بنیادی پیغام یعنی ٹیکسٹ میسج بھجوانے یا وصول کرنے کے لیے فراہم کی جائے گی۔